rozah torney wali chezon ka bayan

Friday, 12 July 2013

روزہ توڑنے والی چیزوں کا بیان

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :1:روزہ میں پان یا تمباکو کھایا تو کیا حکم ہے؟

جواب : ہر وہ چیز جو کھائی پی جاتی ہے۔ اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ تو پان یا صرف تمباکو کھانے سے بھی روزہ جاتا رہے گا۔ اگر چہ پیک تھو ک دی ہو کہ اس کے باریک اجزاء ضرور حلق میں پہنچتے ہیں۔ یوں ہی شکر وغیرہ ایسی چیزیں جو منہ میں رکھنے سے گھل جاتی ہیں۔ منہ میں رکھی اور تھوک نگل گیا روزہ جاتا رہا۔ (درمختار وغیرہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :2:دانتوں میں چنے برابر کوئی چیز کھا گیا تو روزہ رہا یا گیا؟

جواب : دانتوں کے درمیان کوئی چیز چنے کے برابر یا زیادہ تھی اسے کھا گیا یاکم ہی تھی مگر منہ سے نکال کر پھر کھا گیا تو روزہ جاتا رہا۔ (درمختار)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :3:دانتوں سے خون نکل کر حلق سے اتر گیا تو روزہ گیا یا رہا؟

جواب : دانتوں سے خون نکل کر حلق سے نیچے اتر گیا اور اس کا مزہ حلق میں محسوس ہو ا تو روزہ جاتا را۔ اور اگر کم تھا کہ تھوک اس پر غالب ہے اور مزہ بھی محسوس نہ ہوا تو روزہ باقی ہے۔ (درمختار)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :4:روزہ میں دانت اکڑوانے کا کیا حکم ہے؟

جواب : روزہ میں دانت اکھڑوایا اور خون کہ عموماً اس وقت نکلتا ہی ہے حلق سے نیچے اتر گیا اگر چہ سوتے میں ایسا ہو تو روزہ گیا۔ (ردالمحتار)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :5:دماغ کے زخم میں دوا ڈالی تو روزہ ٹوٹا یا نہیں؟

جواب : دماغ یا زخم کی جھلی تک زخم ہے اس میں دوا ڈالی۔ اگر دماغ یا شکم تک پہنچ گئی روزہ جاتا رہا۔ خواہ وہ دواتر ہو یا خشک اور اگر معلوم نہ ہو کہ دماغ یا شکم تک پہنچی یا نہیں اور دوا تر تھی جب بھی جاتا رہا۔ اور اگر دوا خشک تھی تو نہیں گیا (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :6:کان میں تیل ڈالنے سے روزہ جاتا رہا یا باقی ہے؟

جواب : کان میں تیل ڈالا یا اتفاقیہ کان میں چلا گیا یا دوائی ڈالی تو روزہ جاتا رہا۔ یونہی حقنہ لیا یا نتھنوں سے دوا چڑھائی تو روزہ جاتا۔ (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :7:کلی کرتے وقت پانی حلق میں چلا جائے تو کیاحکم ہے؟

جواب : کلی کر رہا تھا اور بلاقصد پانی حلق سے اتر گیا یا ناک میں پانی چڑھایا (مثلاً وضو یا غسل کرتے وقت ) اور دماغ کو چڑھ گیا تو روزہ جاتا رہا۔ ہاں اگر وہ اپنا روزہ دار ہونا بھول گیا تونہ ٹوٹے گا۔ اگرچہ قصداً ہو۔ یوں ہی کسی نے روزہ دار کی طرف کوئی چیز پھینکی اور وہ اس کے حلق میں چلی گئی روزہ جاتا رہا۔ (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :8:سوتے میں پانی پی لیا تو روزہ رہا یا گیا؟

جواب : سوتے میں پانی پی لیا ، کچھ کھا لیا یا منہ کھولا تھا اور پانی کا قطرہ یا اولاحلق میں چلا گیا تو روزہ جاتارہا۔ (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :9:کسی چیز سے تھوک رنگین ہو گیا تو اس کے نگلنے سے روزہ ٹوٹا یا نہیں؟

جواب : مثلاً منہ میں رنگین ڈور یا کاغذ وغیرہ رکھا جس سے تھوک رنگین ہوگیا پھر اس تھوک کو نگل لیا تو روزہ جاتا رہا۔ اور اگر ڈور یا ابٹا اسے ترکرنے کیلے منہ پر گزار ا پھر دوبارہ یا سہ بارہ یوں ہی کیا روزہ نہ جائے گا۔ ہاں اگر ڈور سے کچھ رطوبت جدا ہر کر منہ میں رہی اور تھوک نگل لیا تو روزہ جاتا رہا۔ (جوہرہ نیرہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :10:روزہ میں مبالغہ کے ساتھ استنجاء کرنے کا کیا حکم ہے؟

جواب : اگر روزہ دار نے مبالغہ کے ساتھ استنجاء کیا۔ یہاں تک کہ حقنہ رکھنے کی جگہ تک پانی پہنچ گیا تو روزہ جاتا رہا۔ اور اتنا مبالغہ چاہیے بھی نہیں کہ اس سے سخت بیماری کا اندیشہ ہے۔ (درمختار) فقہائے کرام فرماتے ہیں کہ روزہ استنجاء کرتے میں سانس نہ لے (عالمگیری) کہ اس میں روزہ جاتے رہنے کا بھی قوی اندیشہ ہے اور صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :11:پیشاب کے سوراخ میں تیل ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟

جواب : مرد نے پیشاپ کے سوراخ میں پانی یا تیل ڈالا تو روزہ نہ گیا۔ اگر چہ مثانہ تک پہنچ ہو اور عورت نے شرم گاہ میں ٹپکا یا تو جاتا رہا۔ یوں ہی عورت نے پیشاپ کے مقام پر روئی یا کپڑا رکھا اور بالکل باہر نہ رہا تور روزہ جاتا رہا۔ (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :12:گھاس وغیرہ کھانے سے روزہ رہتا ہے یا نہیں؟

جواب : گھاس، روئی، کاغذ، کنکر ، پتھر، مٹی وغیرہ ایسی چیزیں جو انسانی غذا میں داخل نہیں یا ایسی ہی کوئی اور چیز جس سے لوگ گھن کرتے ہیں۔ کھالی تو ان سب صورتوں میں روزہ جاتا رہا۔ (درمختار وغیرہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :13:عورت کا بوسہ لینے سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟

جواب : عورت کا بوسہ لیا یا چھوا یا اسے بھینچا یا گلے لگا یا اور انزال ہوگیا تو روزہ جاتا رہا ورنہ نہیں۔ اور عورت نے مرد کو چھوا اور مرد کو انزال ہو گیا تو روزہ نہ گیا اور عورت کو کپڑکے کے اوپر سے چھوا اور کپڑا تنا دبیز ہے کہ بدن کی گرمی محسوس نہیں ہوتی تو فاسد نہ ہو اگر چہ انزاہوگیا۔ (عالمگیری)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :14:روزہ میں قے ہو جائے تو روزہ رہتا ہے یا نہیں؟

جواب : روزہ میں قے کی دو صورتیں ہیں۔ قصداً قے کی یعنی اپنے قصدد اختیار سے یا بلا قصد ہو گئی۔ قصد و ارادہ کا اس میں دخل نہیں۔ پھر اس کی دو صورتیں ہیں۔ منہ بھر ہے یا نہیں اور ہر صورت کا جداگانہ حکم ہے جس کی تفصیل یہ ہے : 
۱۔ قصدا ً منہ بھر قے کی اور روزہ دار ہونا یا د ہے تو مطلقاً روزہ جاتا رہا۔ خواہ اندر لوٹے یا نہ لوٹے۔
۲۔ قصداً قے کی مگر بھر منہ نہیں تو روزہ جاتا رہا۔ 
۳۔ بلا اختیار قے ہوگئی اور منہ بھر نہیں تو وہ خود لوٹ کر حلق میں چلی گئی یا اس نے خود لوٹائی یا نہ لوٹی نہ لوٹائی روزہ نہ گیا۔ (درمختار وغیرہ) 
۴۔ بلا اختیار قے ہوگئی اور بھر منہ ہے اور ا س نے لوٹائی اگر چہ اس میں سے صرف چنے برابر حلق سے اتری تو روزہ جاتا رہا۔ 

سوال نمبر :15:ایک شخص پان کھا کر سو گیا ۔ صبح اٹھ کر روزہ کی نیت کی تو روزہ درست ہوگا یا نہیں؟

جواب : اگر پان کھا لیاتھا۔ منہ میں صرف چند دانے چھالیہ کے دانتوں میں لگے رہ گئے تو روز ہ صحیح ہو جائے گا۔ اور اگر صبح کے بعد بھی ایسا اوگاں کثیر منہ میں تھا جس کا جرم ریزے ، خواہ عرق ، لعاب کے ساتھ حلق میں جانے کا ظن غالب ہے تو روزہ نہ ہو گا۔ (فتاویٰ رضویہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :16:روزہ میں پان تمباکو یا نسوار منہ میں رکھ لیں تو روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟

جواب : پان جب منہ میں رکھا جائے گا ا سکا عرق ضرور حلق میں جائے گا۔ اور تمباکو جیسی چیز جو کھائی جاتی ہے۔ وہ اگر منہ میں ڈالی جائے گی تو یقیناً اس کا جرم لعاب کے ساتھ حلق میں جائے گا۔ اور ناس تو بہت باریک چیز ہے جب اوپر کو سونگھی جائے گی ضرور دماغ کو پہنچے گی اور ان طلب والوں کے مقاصد بھی یوں ہی پورے ہو جائیں گے تو روزہ کہاں رہے گا۔ ٹوٹ جائے گا اور اس کی فقط قضا نہیں بلکہ کفارہ بھی لازم آئے گا۔ (فتاویٰ رضویہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :17:روزہ میںکھٹی ڈکاریں آئیں تو روزہ ہو ا یا نہیں؟

جواب : مثلاً اگر کوئی شخص پچھلے کو اتنا زیادہ کھالے کہ صبح کو اسے کھٹی ڈکاریں آنے لگیں تو اس سے روزہ نہیں جاتا۔ یہ کسی کتاب میں نہیں لکھا۔ (فتاویٰ رضویہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :18:روزہ دار کو فصد کھلوانا اور سوزاک میں پچکاری لگوانا جائز ہے یا نہیں؟

جواب : فصدسے روزہ نہ جائے گا ۔ ہاں ضعف و کمزوری کے خیال سے بچے تو مناسب ہے۔ اور پچکاری سے مرد کا روزہ نہ جائے گا عورت کا جاتا رہے گا۔ (فتاویٰ رضویہ)

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :19:روزہ میں انجکشن لینا کیسا ہے؟

جواب : انجکشن سے براہ راست معدہ یا دماغ میں چونکہ کوئی چیزنہیں پہنچتی اس لیے یہ تو نہیں کہا جاسکتا کہ اس سے روزہ جاتا رہے گا۔ البتہ تقویت بدن یا غذایت کا انجکشن لیا تو روزہ کا مقصد ہی ختم ہو گیا۔ تو اب روزہ جاتا رہے گا اور قضا لازم آئے گی ۔ لیکن بہتر یہ ہے کہ روزہ کی حالت میں اس سے پرہیز ہی کیا جائے البتہ کوئی مجبوری محسوس ہو تو خیر اور بات ہے۔

سوال نمبر ُُُُُ ُُُُُ :20:روزہ ٹوٹ جانے یا توڑ دینے کی صورت میں حکم شرعی کیا ہے؟

جواب : روزہ جاتا رہنے کی صورت میں دو قسم کے احکام ہیں۔ بعض وہ صورتیں ہیں جن میں فوت شدہ روزہ کی قضا یعنی روزے کے بدلے روزہ رکھنا کافی ہے۔ کوئی اور مطالبہ شریعت کی جانب سے نہیں۔ اور بعض صورتیں وہ ہیں جن میں قضا کے علاوہ کفارہ بھی لازم آتا ہے۔

Copyright @ 2013 Islamic Mission 786. Designed by Islamic Mission 786